بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر پابندی

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی، جس کا اطلاق 23 ستمبر 2026 سے 30 روز کے لیے ہوگا۔

معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر کے عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنوں، ریلیوں، مظاہروں اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔

حکومت کی جانب سے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب کرنے یا ایسا کوئی ذریعہ استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس سے کسی شخص کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔

بلوچستان حکومت نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button