کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خبر، کے سی آر کے ڈیزائن پر کام آگے بڑھانے کا فیصلہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)کراچی کے شہریوں کے لیے اہم خبر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے زیرِ التوا مسائل حل کرنے اور منصوبے کے ڈیزائن پر کام آگے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سے ایشین ڈولپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ملاقات کی، جس میں کراچی سرکلر ریلوے سمیت سندھ میں مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ملاقات میں سندھ حکومت اور ایشین ڈولپمنٹ بینک نے کے سی آر کے لیے ٹرمز آف ریفرنس حتمی بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ منصوبے کے لیے درکار زمین کی دستیابی کی تصدیق کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کے لیے تبدیلی کا باعث بننے والا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی اور رائٹ آف وے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں سندھ حکومت اور ایشین ڈولپمنٹ بینک کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کے علاوہ شہری نقل و حرکت، تعلیم، صحت اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کے سی آر کے ڈیزائن پر کام آگے بڑھانے، ٹرمز آف ریفرنس کو حتمی شکل دینے اور زمین کی دستیابی کی تصدیق کے فیصلے کو منصوبے کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔



