دنیا جنگوں کے دہانے پر،لولا دا سلوا کا بڑا انتباہ، غزہ سے یوکرین تک سفارت کاری کو واحد راستہ قراردیدیا

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات پر تشویش کا اظہار کیا اور سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کردیا۔

برازیلی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ اس وقت اپنی تاریخ کے انتہائی نازک مرحلے سے گزر رہا ہے، جبکہ سلامتی کونسل کی غیر فعالیت سے عالمی ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

لولا دا سلوا کے مطابق 2025 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد مسلح تنازعات کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ ہوئی، جبکہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگیاں علاقائی تنازعات کو وسیع عالمی جنگ میں تبدیل کرسکتی ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر برازیلی صدر نے اسرائیلی حکومت کی کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو شدید انسانی نقصان کا سامنا ہے۔ تاہم انہوں نے حماس کے اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی بھی مذمت کی۔

ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے لولا دا سلوا نے کہا کہ یہ راستہ عالمی تجارت کے لیے اہم گزرگاہ رہنا چاہیے تھا، تاہم جنگ کے باعث صورتحال تبدیل ہوگئی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر ایندھن، کھاد اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔

یوکرین جنگ پر برازیلی صدر نے کہا کہ میدان جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔

انہوں نے برازیل اور چین کے قائم کردہ ’فرینڈز آف پیس‘ گروپ کو مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی ایک مثال قرار دیا۔

لولا دا سلوا نے وینزویلا کی خودمختاری، کیوبا پر عائد اقتصادی پابندیوں اور لاطینی امریکا میں بیرونی مداخلت کے خلاف بھی اظہارِ خیال کیا۔

مزید خبریں

Back to top button