موٹرویز پر بڑی بندش کا اعلان،ایم ون اور ایم 14کل شام سے بند

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)موٹرویز پر بڑی بندش کا اعلان، ایم ون اور ایم 14 سمیت جی ٹی روڈ کا اہم حصہ کل شام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد تا پشاور ایم ون اور ہکلہ تا کنڈل ایم 14 موٹرویز کو کل شام سے دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ایم ون پر اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک ٹریفک معطل رہے گی، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔موٹروے پولیس کے مطابق ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیب، کھڑپہ، تراپ، داؤد خیل، کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ترجمان کے مطابق جی ٹی روڈ این فائیو بھی اٹک خورد کے مقام پر کل شام سے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو سفر کے دوران متبادل راستوں اور تازہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button