قبروں سے لاشیں نکال کر بے حرمتی کرنےوالا زیر حراست ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں پولیس ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبروں کی مبینہ بے حرمتی کے الزام میں زیرحراست ملزم سلمان ولد افغان ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو شیخان قبرستان میں جائے وقوع کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر اچانک فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے پولیس کی سرکاری گاڑی اور ایک اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ کو نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر زیرحراست ملزم سلمان شدید زخمی ہوا اور اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گزشتہ روز شیخان قبرستان میں مبینہ طور پر ایک قبر کی بے حرمتی کی کوشش کے دوران مقامی افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے 10 قبروں کی مبینہ بے حرمتی کا اعتراف کیا تھا۔



