پنجاب میں مافیازکیلئے کوئی جگہ نہیں،ایپکس کمیٹی اجلاس میں امن و امان پراہم فیصلے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے مؤثر اشتراکِ کار کو سراہا گیا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں کامیابیوں پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردی، غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، جبکہ سیکیورٹی کے معاملے میں کوئی خلا نہیں آنا چاہیے۔ ان کے مطابق مؤثر اور پیشگی پولیسنگ کے باعث پنجاب میں جرائم کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں صحت، تعلیم اور امن و امان کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے، جبکہ 93 سوشل انفراسٹرکچر منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ اسمارٹ پولیس اسٹیشنز، چیک پوسٹس اور 62 کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیل برج بھی تعمیر کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پیفٹاک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب کے قیام سے اداروں کے درمیان بروقت معلومات کا تبادلہ مزید مؤثر ہوگا، جبکہ عوام کے تحفظ کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، باڈی ورن کیمروں اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔



