غزہ جنگ بندی برقرار رکھنے پر 8 ممالک کا زور، اسرائیل سے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری انسانی مصائب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی برقرار رکھنے اور تمام خلاف ورزیاں فوری طور پر ختم کرنے پر زور دیا ہے۔
پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔
مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل جامع منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت اپنے باقی ماندہ وعدوں کو فوری طور پر پورا کرے جبکہ تمام فریق غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے نیک نیتی سے اپنے وعدوں پر بلا تاخیر عمل کریں۔
وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی کسی بھی قسم کی بے دخلی یا جبری نقل مکانی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کو فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ قرار دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری سے متعلق اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی آباد کاری کے خاتمے کے لیے حالیہ بین الاقوامی اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی بحالی، تعمیر نو اور دیرپا امن کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد ضروری ہے، جبکہ فلسطینی عوام کے حقوق اور خودمختار ریاست کے قیام سے متعلق مؤقف بھی دہرایا گیا۔



