پاکستان پر مزید قرضوں کا بوجھ، دو ماہ میں 476 ارب روپے کی بیرونی معاونت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23.60 فیصد زیادہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی اور اگست میں پاکستان کو ایک ارب 37 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یہ رقم بڑھ کر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئی، جو تقریباً 476 ارب روپے کے مساوی بنتی ہے۔ گزشتہ سال اسی مدت میں حاصل ہونے والی بیرونی مالی معاونت 391 ارب روپے کے برابر تھی۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس دوران مختلف منصوبوں کے لیے 48 کروڑ 45 لاکھ ڈالر جبکہ نان پراجیکٹ امداد کی مد میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔

عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 59 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر، عالمی بینک نے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی مالی معاونت فراہم کی۔

اعدادوشمار کے مطابق مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کو 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے، جن میں جرمنی کا حصہ ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر اور سعودی عرب کا 89 لاکھ ڈالر رہا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کو کوئی مالی معاونت نہیں ملی۔ اس عرصے میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر جبکہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button