مند کسٹمز اسٹیشن پر مسلح حملہ، سپاہی زخمی، دفتر نذرِ آتش

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کسٹمز اسٹیشن مند، ردیہو بارڈر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں کسٹمز سپاہی محمد سراج زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آوروں نے کسٹمز اسٹیشن کے دفتر کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق متعدد مسلح افراد نے کسٹمز اسٹیشن میں زبردستی داخل ہوکر تقریباً چار کمروں پر مشتمل دفتر کے دروازے توڑ دیے اور عمارت کو آگ لگا دی۔ حملہ آوروں نے مختلف سمتوں میں اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔
فائرنگ کے دوران پاکستان کسٹمز کے سپاہی محمد سراج کے دائیں بازو پر گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق قریبی ایف سی 165 ونگ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حکام کے مطابق واقعے میں تاحال مزید کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ حالیہ دنوں میں کسٹمز اہلکاروں کو موصول ہونے والی دھمکیوں سے منسلک ہوسکتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



