شویتا بچن نے ایشوریا رائے کی تعریف کیساتھ ناپسندیدہ عادت بھی بتا دی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اسٹار ایشویتا بچن نے خود کو شوبز کی روشنیوں سے زیادہ تر دور ہی رکھا ہے، وہ 7 سال قبل اپنے بھائی ابھشیک بچن کے ساتھ ‘کافی ود کرن’ میں شریک ہوئی تھیں۔
میزبان اور فلم ساز کرن جوہر نے شویتا سے پوچھا کہ وہ اپنی بھابھی، ایشوریا رائے بچن کی کن باتوں سے محبت کرتی ہیں، کس بات سے نفرت کرتی ہیں اور کس چیز کو برداشت کرتی ہیں۔
شویتا نے زندگی میں بڑی کامیابی حاصل کرنے اور ایک شاندار ماں ہونے پر ایشوریا کی تعریف کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن انہوں نے ان کی ایک ایسی عادت کا بھی ذکر کیا جو انہیں ناگوار گزرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ان کی اس بات سے سخت چڑ (نفرت) ہے کہ وہ فون کالز اور میسجز کا جواب دینے میں بہت زیادہ وقت لیتی ہیں اور میں ان کی ٹائم منیجمنٹ کو برداشت کرتی ہوں۔
اس گفتگو نے ناظرین کو بچن بہن بھائیوں اور ایشوریا کے درمیان تعلقات کی ایک جھلک دکھائی۔ یہی نہیں، اسی قسط میں ایک ایسا موڑ بھی آیا جب شویتا سے ابھشیک اور ایشوریا میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو کہا گیا۔
کرن نے پوچھا کہ بہترین اداکار کون ہے، ابھشیک یا ایشوریا؟ شویتا نے جواب دیا ابھشیک۔
ابھشیک بھی اس وقت ایک مشکل صورتحال میں پھنس گئے جب کرن نے ان سے ان کی زندگی کی دو اہم خواتین کے بارے میں سوال پوچھا۔ انہوں نے ابھشیک سے پوچھا کہ وہ اپنی بیوی سے زیادہ ڈرتے ہیں یا اپنی ماں سے۔
فلم ہیپی نیو ایئر کے اسٹار نے بغیر کسی جھجھک کے جواب دیا: اپنی ماں سے۔ شویتا نے فوری طور پر اختلاف کرتے ہوئے کہا بیوی سے، جس پر ابھشیک نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا یہ میرا ریپڈ فائر ہے، خاموش رہو۔
ابھشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اور 2011 میں ان کے ہاں بیٹی، آرادھیا بچن کی پیدائش ہوئی۔



