بغیر پائلٹ طیارے نے امریکا بھر میں 3199 میل کا سفر مکمل کرلیا

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) خودکار فضائی سفر کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، جوبی ایوی ایشن کے سنگل انجن سیسنا کاروان طیارے نے امریکا بھر میں بغیر کسی انسانی پائلٹ کی معاونت کے تقریباً 3199 میل کا سفر کامیابی سے مکمل کرلیا۔
کمپنی کے مطابق طیارے نے 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے پرواز کا آغاز کیا اور 14 ستمبر کو امریکا بھر کا یہ آزمائشی سفر مکمل کیا۔ پرواز کے پورے روٹ کے لیے خودکار پروگرامنگ استعمال کی گئی۔
جوبی ایوی ایشن کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جو بین بیورٹ نے اس کامیابی کو ہوا بازی کے نئے دور کی ابتدائی جھلک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بھر کا یہ سفر ایوی ایشن کے ایک نئے عہد کی پہلی جھلک ہے۔
آزمائشی پرواز کے دوران طیارے کو مختلف مقامات پر روکا گیا، جبکہ پرواز کے دوران ممکنہ سفری رکاوٹوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ کمپنی کے مطابق طیارے نے تمام آزمائشی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
جوبی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ خودکار پروازوں کی ٹیکنالوجی مستقبل میں دور دراز علاقوں کو بڑے شہری اور مرکزی علاقوں سے منسلک کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق آزمائشی مشن مکمل ہونے کے بعد طیارہ واپس کیلیفورنیا جائے گا، جہاں سے اس نے اپنے تاریخی سفر کا آغاز کیا تھا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں خودکار گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ فضائی سفر کی ٹیکنالوجی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔



