اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ کی سہیل آفریدی پر کڑی تنقید

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کسی کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کو امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا حساب دینا ہوگا۔

عطااللہ تارڑ نے کوہاٹ واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہدا نے اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کا جذبہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ایک زخمی جوان نے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور پولیس کے جوانوں اور افسران نے آپریشن میں حصہ لیا، جبکہ کوہاٹ میں چھٹی پر موجود پولیس اہلکار بھی واپس آکر دشمن کا مقابلہ کرنے پہنچے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ شہادت پر فخر اور ناز کرنے والوں کو شکست نہیں دی جاسکتی، دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کرنے والوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج جدوجہد کررہی ہے۔ ان کے مطابق بزدل دہشتگرد پیچھے سے وار کرتے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ کوہاٹ واقعے کے وقت وزیراعلیٰ کہاں تھے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہاں گولیاں چلیں، دھماکے ہوں اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جائے، چارپائی پر لیٹ کر یا گاڑی میں بیٹھ کر ویڈیوز بنائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کوہاٹ آئیں، یہاں بیٹھ کر ویڈیو بنائیں اور زخمیوں کو گلے سے لگائیں۔ عطا تارڑ کے مطابق سہیل آفریدی کے پاس انتشار پھیلانے اور دھرنے کی تیاری کے لیے وقت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہدا اور زخمی جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button