نقاب،برقعہ اور غیر ملکی طلبہ،اٹلی میں اسکولوں کیلئے نئے قوانین کا اعلان

روم (جانو ڈاٹ پی کے)اٹلی میں اسکولوں میں نقاب اور برقعے پر پابندی کی تیاری، وزیراعظم جارجیا میلونی کا بڑا اعلان، غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے کا بھی فیصلہ۔اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اسکولوں میں نقاب اور برقعے سمیت چہرہ ڈھانپنے والے لباس پر پابندی کے لیے قانون سازی کرنے جارہی ہے۔
میلونی کے مطابق حکومت جلد کابینہ کے سامنے ایسا اقدام پیش کرے گی جس کے تحت اسکولوں میں طلبہ کو چہرہ ڈھانپے بغیر آنا ہوگا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی روایت کے نام پر لڑکیوں کو اپنا چہرہ چھپانے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
اطالوی وزیراعظم نے اسکولوں میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق حکومت ہر کلاس میں غیر ملکی طلبہ کی زیادہ سے زیادہ تعداد مقرر کرنے کے لیے قانونی اقدام کرے گی، تاہم حتمی حد ابھی واضح نہیں کی گئی۔ اٹلی میں غیر اطالوی شہریوں کا اسکولوں میں تناسب تقریباً 11.6 فیصد بتایا گیا ہے۔میلونی نے مزید کہا کہ جن غیر ملکی طلبہ کو اسکول میں انضمام کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہو، ان کے والدین کے لیے اطالوی زبان سیکھنے کی شرط بھی متعارف کرائی جائے گی۔یہ اعلانات اٹلی میں مہاجرت، تعلیمی انضمام اور مذہبی اظہار سے متعلق جاری سیاسی بحث کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ مجوزہ اقدامات کی قانونی منظوری اور حتمی نفاذ کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔



