رہائش کا جھانسہ،کھانے میں نشہ آورشے ملاکرخاتون سے اجتماعی زیادتی،2ملزم گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور میں رہائش فراہم کرنے کے بہانے مبینہ طور پر نشہ آور شے پلا کر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سلمان اور جاوید کو گرفتار کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس کے مطابق شہری عامر اپنی اہلیہ کے ہمراہ عارضی رہائش کے لیے ملزم سلمان کے پاس گیا تھا۔ ملزم سلمان نے مبینہ طور پر متاثرہ فیملی کو اپنے فلیٹ میں کھانے کی دعوت دی۔
ترجمان کے مطابق کھانے سے فراغت کے بعد دونوں میاں بیوی مبینہ طور پر بے ہوش ہوگئے، جس کے بعد ملزمان نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا گیا اور گرفتار دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ انسان کے روپ میں چھپے درندے پولیس سے بچ نہیں سکتے۔
انہوں نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری نوکری کے جھانسے، رقم کی بچت یا کسی بھی غیر معمولی پیشکش کے لالچ میں نہ آئیں اور ایسے معاملات میں احتیاط سے کام لیں۔



