کراچی میں لرزہ خیز واقعہ،فلیٹ سے ڈاکٹر،اہلیہ اور تین بچوں کی لاشیں برآمد

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے احسن آباد میں واقع لاکھانی ٹوئن ٹاور کے ایک فلیٹ سے ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور تین کمسن بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق فلیٹ سے ڈاکٹر عمر، ان کی اہلیہ اور تین بیٹیوں کی لاشیں ایک ہی کمرے سے ملیں۔ ڈاکٹر عمر ایسٹ سٹی اسپتال میں ملازمت کرتے تھے اور ایک ہفتے کی چھٹی پر تھے۔

پولیس کو واقعے کی اطلاع پڑوسیوں کی جانب سے مددگار 15 پر دی گئی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور فلیٹ کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئی۔ پولیس کے مطابق گھر اندر سے لاک تھا جبکہ ڈاکٹر عمر کے سرہانے سے چابی بھی ملی، تاہم گھر سے موبائل فون نہیں ملا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈاکٹر عمر کو گزشتہ ماہ 13 تاریخ کو گردوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ شدید پریشان تھے اور مبینہ طور پر اسپتال سے استعفا بھی دے دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر عمر کی اہلیہ نے گزشتہ ہفتے گھر کا اوون 10 ہزار روپے میں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم پڑوسی نے اوون خریدنے کے بجائے انہیں 2 ہزار روپے کی مالی مدد دی تھی۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ کے مطابق ڈاکٹر عمر کا تعلق بہاول نگر سے تھا جبکہ ان کا ایک بھائی پنجاب میں رہائش پذیر ہے۔ تینوں بچوں کی عمریں 10 سال سے کم بتائی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button