پی سی بی اسکول ٹیلنٹ ہنٹ: 1400 اسکولوں کے 21 ہزار طلبہ شریک، ٹاپ 50 ٹیمیں اپنائی جائیں گی، محسن نقوی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک بھر کے 1400 اسکولوں سے 21 ہزار طلبہ شریک ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اپنائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے پروگرام میں گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک ملک بھر کے اسکولوں کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق 1400 اسکولوں میں سے ٹاپ 50 ٹیموں کو بورڈ کی جانب سے اپنایا جائے گا۔ ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت اور دیگر ضروریات کا خیال رکھا جائے گا، جبکہ جن اسکولوں میں گراؤنڈ یا کرکٹ کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، وہاں بھی ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے پی سی بی میں ڈائریکٹر اسکول کرکٹ تعینات کیا جائے گا اور ایک مکمل ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو سال بھر اسکولوں سے رابطے میں رہتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کی تلاش جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیلنٹ کا انتخاب کافی نہیں، کیونکہ ممکن ہے کسی ٹیم کی کارکردگی بہتر نہ ہو لیکن اس میں کوئی کھلاڑی غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ہو۔ ایسے کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے ماہرین کی ٹیم انفرادی طور پر کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام کیا جارہا ہے، جن کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم اعلان متوقع ہے۔
محسن نقوی نے میڈیا سے اپیل کی کہ اسکول کرکٹ کے فروغ میں پی سی بی کا ساتھ دیا جائے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔



