جی سی یونیورسٹی لاہور کے طالبعلم کا تاریخی کارنامہ،1100کلومیٹر دوڑ کر سکردو پہنچ گیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) جی سی یونیورسٹی لاہور کے طالب علم اور نوجوان ایتھلیٹ فیضان احمد نے غیر معمولی کارنامہ انجام دیتے ہوئے لاہور سے سکردو تک تقریباً 1100 کلومیٹر طویل دوڑ مکمل کرلی۔فیضان احمد نے یہ مشکل سفر 21 روز میں مکمل کیا، جسے انہوں نے پاک فوج کے شہداء کے نام کیا ہے۔ نوجوان ایتھلیٹ کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنا اور کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

سکردو پہنچنے پر فیضان احمد کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں مقامی افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکردو، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور اور ڈائریکٹر اسپورٹس سمیت دیگر شخصیات نے نوجوان ایتھلیٹ کا باقاعدہ استقبال کیا۔

فیضان احمد نے اپنے سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ناران سے بابوسر ٹاپ تک دشوار گزار چڑھائی اور لاہور سے جہلم تک شدید گرمی ان کے لیے سب سے بڑے چیلنجز میں شامل تھیں۔

نوجوان ایتھلیٹ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

فیضان احمد نے اگلے سال ایک اور بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور سے کراچی تک دوڑنے کا چیلنج بھی مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button