پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کوآبلیشن مشین کا افتتاح، مریم نواز کا بڑا اقدام

ملتان(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر اسپتال ملتان میں کینسر کے علاج کے لیے جدید سہولیات کا افتتاح کردیا، 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر، پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کوآبلیشن مشین کی سہولت فعال کردی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نشتر اسپتال میں 100 بیڈز پر مشتمل کینسر سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے کوآبلیشن سہولت کا افتتاح کیا۔ مریم نواز نے سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر نے وزیراعلیٰ کو جدید طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین سے لائی گئی جدید کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے ایک سوئی کی مدد سے کینسر کی رسولیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے، جس سے بعض مریضوں کے لیے علاج کا ایک جدید طریقہ دستیاب ہوگا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کوآبلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا علاج کرانے والی پہلی مریضہ سے بھی ملاقات کی۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ مسرت ارشد کامیاب علاج پر جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون کو دلاسا دیا اور کینسر کے کامیاب علاج پر مبارکباد دی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ چین سے کینسر کے علاج کے لیے کوآبلیشن مشین لائی ہیں اور اب مریضوں کو علاج کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔

نشتر اسپتال میں جدید کینسر تشخیصی اور علاج کی سہولیات کے افتتاح کو جنوبی پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے لیے طبی سہولیات کی توسیع کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button