ڈیلرز کے بعد تیل کمپنیوں کا بھی مارجن بڑھانے کا مطالبہ، اوگرا کو بڑا خط

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)ڈیلرز مارجن میں اضافے کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی اپنے مارجن میں اضافے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کردیا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے اوگرا کو خط لکھ کر 66 ارب روپے کے زیرالتوا پرائس کلیمز اور مارجن کا معاملہ فوری حل کرنے کی درخواست کردی۔
او سی اے سی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کلیمز مارچ 2026 سے زیرالتوا ہیں اور زیرالتوا رقم تقریباً پیٹرول کے پانچ درآمدی کارگوز کے برابر ہے۔ کونسل نے مطالبہ کیا کہ کلیمز کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرکے کمپنیوں کے واجبات ادا کیے جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تیل کمپنیوں کے مارجن میں آخری مرتبہ ستمبر 2023 میں اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ اگست میں ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 1 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافے پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
او سی اے سی نے اوگرا سے مطالبہ کیا کہ او ایم سی مارجن میں اضافے کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث سپلائی چین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
او سی اے سی نے خبردار کیا کہ اگر مالی مشکلات برقرار رہیں تو آئل انڈسٹری کی سپلائی چین متاثر ہونے کی صورت میں کمپنیوں کو اس کی ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکے گا۔



