بڑا جلسہ کرکے دکھائیں،سیاست چھوڑ دوں گا، سہیل آفریدی کا مسلم لیگ ن کو کھلا چیلنج

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کھلا سیاسی چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی شہر میں پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھایا جائے تو وہ سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جلسے کے لیے پنجاب کا اپنی مرضی کا کوئی بھی شہر منتخب کرے، جبکہ پی ٹی آئی کے لیے بھی اپنی مرضی کا شہر منتخب کیا جا سکتا ہے۔ دن، تاریخ اور وقت بھی مسلم لیگ (ن) خود طے کرے، تاہم دونوں جماعتوں کو مکمل اور یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کا جلسہ عوامی شرکت کے اعتبار سے پی ٹی آئی کے جلسے سے بڑا ثابت ہوا تو وہ سیاست سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا جلسہ بڑا ثابت ہوا تو ان کے بقول مسلم لیگ (ن) کو پنجاب کے عوام کے سامنے اپنے سیاسی مینڈیٹ، حکمرانی اور کارکردگی سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے اپنے سیاسی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو یہ چیلنج دے رہے ہیں اور اگر پارٹی کو اپنی کارکردگی اور پنجاب میں عوامی حمایت پر اعتماد ہے تو اسے چیلنج قبول کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ سرکاری اعدادوشمار یا میڈیا بیانات کے بجائے عوام کی شرکت اور ردعمل سے ہونا چاہیے اور اس کا فیصلہ پنجاب کے عوام کریں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سہیل آفریدی پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں اور کارکنوں سے رابطوں کے سلسلے میں موجود ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button