10روپے کا نوٹ بند ہونے کی خبر نے ہلچل مچا دی،اسٹیٹ بینک نے حقیقت بتا دی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان میں 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی، تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ان اطلاعات کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کو بند کرنے یا اسے تبدیل کرانے کی کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم یہ تجویز اس وقت وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فی الحال کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ کو بند یا تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اگر مستقبل میں کسی مالیت کے نوٹ سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے تو عوام کو اس بارے میں سرکاری ذرائع کے ذریعے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ اگر کسی بینک نوٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو شہریوں کو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا، اس لیے عوام سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر اعتماد نہ کریں۔
اسٹیٹ بینک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کرنسی نوٹوں سے متعلق کسی بھی اہم اطلاع کے لیے صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات کو ہی معتبر سمجھا جائے۔



