کرپشن کیخلاف اینٹی کرپشن کا میگا آپریشن،واسااور وائلڈ لائف کے2انسپکٹر گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور کا بڑا آپریشن، مختلف کارروائیوں کے دوران انسپکٹر واسا اور انسپکٹر وائلڈ لائف کو مبینہ طور پر رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر واسا احسان علی خان کو شہری سے مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق انسپکٹر واسا نے شہری سے پانی کا کنکشن لگانے کے لیے مبینہ طور پر رشوت طلب کی تھی۔

دوسری کارروائی کے دوران اینٹی کرپشن لاہور نے انسپکٹر وائلڈ لائف محمد رضوان کو بھی گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق محمد رضوان، کانسٹیبل محمد افضل اور کانسٹیبل نفیس نذیر نے شکار کی اجازت دینے کے لیے مبینہ طور پر رشوت طلب کی تھی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق دونوں کارروائیوں میں ٹیموں نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کامیاب ٹریپ ریڈ کیا اور مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے والے اہلکاروں کو گرفتار کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان سے موقع پر نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کیے گئے، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button