ایشین گیمز سے پاکستان کو بڑا دھچکا، کشمالہ طلعت سمیت 6 قومی شوٹرز ایونٹ سے باہر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ایشین گیمز میں پاکستان کو بڑا دھچکا، کشمالہ طلعت سمیت 6 قومی شوٹرز ایشین گیمز کے مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ شوٹرز کو ادارے کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث وہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
ایشین گیمز کے لیے پاکستان کی شوٹنگ ٹیم میں مجموعی طور پر 9 شوٹرز کا انتخاب کیا گیا تھا، تاہم این او سی نہ ملنے کے باعث کشمالہ طلعت، فرخ ندیم، امام ہارون، محمد شبیر، عمر فاروق اور محمد عثمان ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کشمالہ طلعت کے لیے یہ غیر حاضری خاص طور پر اہم ہے کیونکہ وہ گزشتہ ایشین گیمز میں برانز میڈل جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون شوٹر بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
دوسری جانب عثمان چاند، غلام مصطفیٰ بشیر اور رابعہ کبیر این او سی ملنے کے بعد جاپان پہنچ چکے ہیں اور ایشین گیمز کے شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ایشین گیمز میں شوٹنگ کے مقابلے 20 ستمبر سے شروع ہوں گے، جہاں پاکستانی شوٹرز سے اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔



