بچوں کی ویکسینیشن میں بڑا فیصلہ، پاکستان میں ہیگزویلنٹ ویکسین متعارف کرانے کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستان میں بچوں کے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، وفاقی وزارتِ صحت کی بین الادارہ جاتی رابطہ کمیٹی نے ہیگزویلنٹ ویکسین متعارف کروانے کی منظوری دے دی۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس میں ہیگزویلنٹ ویکسین کو قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کرنے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق گاوی اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ ہیگزویلنٹ ویکسین تک رسائی کے لیے 14 ماہ سے کوششیں جاری تھیں، جبکہ نئی ویکسین سے بچوں کو کم تکلیف ہوگی اور والدین کا اعتماد و تعاون بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق بچوں کو ہیگزویلنٹ ویکسین 6، 10 اور 14 ہفتے کی عمر میں دی جائے گی۔ ویکسین کی منتقلی کی نیشنل امیونائزیشن ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کی جانب سے بھی توثیق کی جاچکی ہے۔وزیر صحت نے گاوی، گلوبل فنڈ، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر عالمی شراکت داروں کے تعاون کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button