محمد رضوان سے 10 سال کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے قومی کرکٹر محمد رضوان کو جاری کیا گیا سوالنامہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے 5 صفحات پر مشتمل سوالنامہ عدالت میں پیش کیا، جس میں محمد رضوان سے مختلف مالی، سفری اور سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
سوالنامے کے مطابق محمد رضوان سے گزشتہ 10 سال کے دوران استعمال کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، جبکہ 5 سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے نے محمد رضوان سے بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم پر حاصل ہونے والے منافع کی تفصیلات، گزشتہ 5 سال کے گھریلو اور تعلیمی اخراجات اور وراثتی جائیداد سے متعلق معلومات بھی طلب کی ہیں۔
سوالنامے میں گزشتہ 5 سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کی تفصیلات کے علاوہ بین الاقوامی دوروں اور ان پر آنے والے اخراجات کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔
کرکٹر سے گزشتہ 5 سال کے اندرون ملک سفری ریکارڈ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر انہوں نے اس عرصے کے دوران کسی شخص سے قرض لیا ہو تو اس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق ایجنسی پاکستان کرکٹ میں آن لائن جوئے سے متعلق انکوائری کر رہی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ انکوائری کے سلسلے میں محمد رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مطلوب ہے۔ نوٹس کے مطابق اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئے تو اسے ان کے دفاع میں مؤقف نہ ہونے کے طور پر لیا جائے گا۔



