دانش یونیورسٹی میں داخلے صرف میرٹ پر ہوں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ دانش یونیورسٹی باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کے قیام سے متعلق مختلف ہدایات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کے ذریعے پاکستان سمیت پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف فیکلٹی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل سکول کا ٹیلنٹ ہنٹ شروع کردیا گیا ہے۔ کامیاب طلبہ کے لیے 5 ماہ کی 100 فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو 40 سے زائد شہروں میں منعقد ہوگا۔ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہونے کا امکان ہے، جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے ہوگا۔

ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم کے لیے تیار کرنے اور معاونت فراہم کرنے کی غرض سے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جو 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button