پمز اسپتال آتشزدگی: 14 بچوں کے بعد واحد بچ جانے والی بچی ایزل بھی جاں بحق، تعداد 15 ہوگئی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال میں آتشزدگی کے دوران جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 15 ہوگئی، واقعے میں بچ جانے والی واحد بچی ایزل بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے دوران ایک نرس نے بچی ایزل کو بحفاظت نکال لیا تھا، جس کے بعد اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کرکے علاج کیا جا رہا تھا۔
تاہم ایزل بھی دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکی، جس کے بعد پمز اسپتال آتشزدگی میں جاں بحق بچوں کی تعداد 15 ہوگئی۔
بچی کی والدہ آصفہ بی بی نے بتایا کہ ایزل 6 ماہ 10 دن کی تھی اور 12 اگست کو پیدا ہوئی تھی۔ ان کے مطابق دھویں کے باعث بچی کی حالت متاثر ہوئی، جبکہ ایزل ان کی پہلی اولاد تھی۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں غم کی فضا ہے، جبکہ آتشزدگی کے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور وجوہات کی جانچ جاری ہے۔