لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، گاڑیاں تھانے بند کرنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کی ٹاپ 100 فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق 10 گاڑیوں کے خلاف 300 سے زائد جبکہ 307 گاڑیوں کے 200 سے زائد ای چالان زیر التوا ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کے 100 سے زائد ای چالان پینڈنگ ہیں، جبکہ متعدد گاڑیوں نے درجنوں کے بجائے سینکڑوں مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ 20 سے زائد خلاف ورزیوں پر اے این پی آر ٹیکنالوجی کے ذریعے ای چالاننگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کو فوری طور پر تھانے میں بند کروانے کا حکم دیا گیا ہے، جس کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

سی ٹی او کے مطابق ای چالان ڈیفالٹرز کیلئے پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی بھی محدود کر دی گئی ہے، جن میں ڈرائیونگ لائسنس سروسز، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور مختلف ویریفکیشن سہولیات شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو باہمی طور پر مربوط کر دیا گیا ہے، جبکہ ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس میں ردوبدل یا چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button