سندھ میں نئے صوبوں کی کوئی تجویز قبول نہیں، فیصلے کرنے والے عقل سے کام لیں، منظور وسان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی تقسیم سے متعلق کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

منظور وسان نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کے عوام پہلے ہی احساسِ محرومی کا شکار ہیں، اس لیے نئے صوبوں کے قیام سے ان کے مسائل اور محرومی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق سندھ کے مفادات کے خلاف کیے جانے والے کسی بھی فیصلے کو عوام قبول نہیں کریں گے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ سندھ کے حوالے سے فیصلے کرنے والوں کو حالات کا ادراک کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پہلے ہی حالات خراب ہیں، اس لیے سندھ میں بھی ایسی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔

منظور وسان نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مختلف نوعیت کے بحران موجود ہیں، ایسے میں مزید تنازعات کو جنم دینے کے بجائے حالات کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاملہ صوبوں کا ہو یا کینالز کا، پیپلزپارٹی سندھ کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

منظور وسان نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد سے بعض حلقوں کی جانب سے سندھ کے ڈویژنوں کو صوبوں میں تبدیل کرنے کی باتیں سامنے آتی رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم ہو یا جنرل ضیاء الحق کا دور، صوبوں کے معاملے پر دونوں کے مؤقف میں مماثلت رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button