چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 2028 میں بجلی کی پیداوار شروع کرے گا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سیف گارڈز معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت 1200 میگاواٹ کا منصوبہ 2028 میں بجلی کی پیداوار شروع کرے گا۔
معاہدے پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے چیئرمین شان ژونگ ڈے بھی شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے مارچ 2026 میں چشمہ-5 سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ منظوری دی تھی۔ معاہدے کو پاکستان کے پرامن ایٹمی پروگرام اور جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ پر تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ ری ایکٹر بلڈنگ کے گنبد کی تنصیب بھی مقررہ شیڈول سے قبل مکمل کی جا چکی ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد قومی گرڈ کو کم کاربن اور پائیدار بجلی کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان اس وقت مجموعی طور پر 3530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت رکھنے والے 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس چلا رہا ہے۔
دریں اثنا، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے سربراہان کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، جس میں پرامن ایٹمی تعاون کے مستقبل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



