پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھائیں گے، ٹرانسپورٹرز

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے اور دوبارہ ملک گیر ہڑتال کرنے کا عندیہ دے دیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، جسے فوری واپس لیا جانا چاہیے۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق اگست میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے اگست کی ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت نے وفاقی اور صوبائی سطح پر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں اور وعدوں پر عمل درآمد نہ کیا تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال کریں گے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے مانگا گیا 40 روز کا وقت آئندہ ہفتے ختم ہو رہا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور دسمبر و اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی مجبوری ہے تو ٹرانسپورٹرز کو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں ریلیف دیا جائے۔



