برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کاریکارڈ توڑ کرنیا اعزاز حاصل کرلیا

زمبابوے(جانوڈاٹ پی کے)زمبابوے کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈےکرکٹ کے سب سے طویل عرصے تک کھیلنے والےکھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔
برینڈن ٹیلر منگل کے روز ہرارے اسپورٹس کلب میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شریک ہوئے اور سچن ٹنڈولکر کا دیرینہ ریکارڈ توڑتے ہوئے مردوں کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے طویل کریئر رکھنے والےکھلاڑی بن گئے۔
برینڈن ٹیلر جنہوں نے 2004 میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، ان کا بین الاقوامی کریئر 22 سال اور 148 دن پر محیط ہوگیا ہے جب کہ سچن ٹنڈولکرکا شاندار ون ڈےکریئر 1989 سے 2012 تک 22 سال اور 91 دن جاری رہا تھا۔
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سنتھ جے سوریا موجود ہیں جن کا ون ڈے کریئر 1989 سے 2011 تک 21 سال اور 184دن جاری رہا۔
اس فہرست میں پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جن کا ون ڈے کریئر 1975 سے 1996 تک 20 سال اور 272 دن جاری رہا۔



