پاکستان میں فٹبال کا نیا دور،ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی میں بڑا معاہدہ

سیالکوٹ (جانو ڈاٹ پی کے) پرتگال کے معروف فٹبال کلب ایف سی پورٹو (FC Porto) نے سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا، جس کے تحت پاکستان میں پہلی ’ڈریگن فورس اکیڈمی‘ قائم کی جائے گی۔
سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی، فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل فٹبالز تیار کرنے والی پاکستانی کمپنی فارورڈ اسپورٹس کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق اس شراکت داری کے تحت ایف سی پورٹو پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے جدید اور جامع تربیتی پروگرام متعارف کرائے گا، جبکہ مقامی کوچز اور مینیجرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اشتراک پاکستان کے باصلاحیت نوجوان فٹبالرز کو عالمی معیار کی تربیت اور بین الاقوامی فٹبال کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔
ایف سی پورٹو کی ڈریگن فورس اکیڈمیز کے ڈائریکٹر ریکارڈو فرے راموس نے کہا کہ شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کلب کے فٹبال ڈیولپمنٹ کے طریقہ کار، اقدار اور تجربات شیئر کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے صدر اور فارورڈ اسپورٹس کے جنرل مینیجر حسن مسعود خواجہ نے معاہدے کو شاندار پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان میں نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔



