اسمارٹ لاک ڈاؤن کی خبریں جھوٹ!حکومت نے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں آئی اور نہ ہی اسلام آباد بند ہونے جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تفصیلی بحث ہوئی، تاہم اسمارٹ لاک ڈاؤن یا ہفتے میں چار دن کام اور تین دن چھٹی کی کوئی تجویز ان کے علم میں نہیں آئی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تین ماہ کے لیے تھری ویلرز اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے تمام عوامی نمائندوں کی ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے تاکہ وہ عوام کو ریلیف اسکیم کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نجی میڈیا کی رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور قومی اخراجات میں کمی کے لیے ہفتے میں چار دن کام اور تین دن چھٹی کی تجویز زیر غور ہے، جس کا اطلاق سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں تک کیے جانے کی بات کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام میں بعض ملازمین کو دفاتر میں حاضری جبکہ دیگر کو ورک فرام ہوم کی سہولت دینے اور متعلقہ محکموں کو نئے شیڈول کی تیاری کی ہدایات دینے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔
تاہم ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسلام آباد بند ہونے نہیں جا رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ستمبر کے دوران تین مارچز کی باتیں ہو رہی ہیں، تاہم ان کے بقول پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مارچ سب سے زیادہ پرتشدد اور انتشار سے بھرا ہوتا ہے۔



