100 روپے فی لیٹر ریلیف بھی ناکافی ہے، مصدق ملک کا بڑا اعتراف

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر مصدق ملک نے اعتراف کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے ذریعے غریب اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لیوی 80 روپے جبکہ کاربن لیوی 5 روپے ہے، اس کے مقابلے میں حکومت کی جانب سے 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا رہا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا ریلیف ٹیکس کی رقم سے بھی زیادہ ہے، تاہم ان کے بقول اب بھی موجودہ ریلیف ناکافی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کی برداشت کی حد تک بوجھ اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جنگ، جس کا پاکستان سے براہِ راست تعلق نہیں، اس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ ختم ہونے کے بعد عالمی سطح پر عوام کو ریلیف ملے گا اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس ہوں گے۔

مصدق ملک نے بتایا کہ وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کا اسلام آباد میں آغاز ہوچکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اسے ملک بھر میں لانچ کردیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اسکیم کا مقصد پیٹرول کی بلند قیمتوں کے اثرات کو کم کرنا اور بالخصوص کم آمدن والے طبقے کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button