میر رضا قتل کیس میں نیا موڑ، والد پر دباؤ ڈالنے کا انکشاف

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول کے والد پر مبینہ طور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ کیس میں مزید کارروائی نہ ہوسکے۔جبران ناصر کے مطابق گزشتہ شب میر رضا کے والد کو ایک کال موصول ہوئی، جس میں انہیں کہا گیا کہ ایس ایچ او عدیل افضال ان کا بچہ ہے اور عدیل افضال سے ایف آئی آر لے لی گئی ہے۔وکیل نے بتایا کہ کال کرنے والے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عامر فاروقی سے بات ہوگئی ہے اور والد سے سوال کیا گیا کہ انہیں آصف، عابد، احمد یا عبداللہ میں سے کسی پر شک ہے؟جبران ناصر کے مطابق میر رضا کے والد نے کسی شخص پر شک کا اظہار نہیں کیا تو اس پر کال کرنے والے کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔وکیل کا کہنا ہے کہ مذکورہ کال کی ریکارڈنگ اور اسکرین شاٹس رجسٹرار کے پاس جمع کرا دیے گئے ہیں۔
جبران ناصر نے مزید دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر سمیہ کے بیان کے بعد میر رضا کے والدین پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ معاملے میں مزید کارروائی نہ ہوسکے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر رضا قتل کیس میں سامنے آنے والے تمام شواہد اور مبینہ دباؤ کے معاملے کی بھی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ مقتول کے خاندان کو انصاف مل سکے۔



