عمان کے قریب جہاز میں پراسرار آگ،پاکستانی انجینئر لاپتہ،23افرادریسکیو

 کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) عمان کی بندرگاہ کے قریب بحری جہاز ال کائیاپر میں پراسرار آتشزدگی کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی انجینئر حماد عبیدہ تاحال لاپتا ہیں، جس پر اہلخانہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اہلخانہ کے مطابق حماد عبیدہ بحری جہاز پر تھرڈ انجینئر کے فرائض انجام دے رہے تھے اور 6 ستمبر کو ڈیوٹی کے سلسلے میں کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 13 ستمبر کو بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں جہاز کا انجن روم اور دیگر حصے متاثر ہوئے۔ حادثے کے وقت جہاز پر 25 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا، جن میں سے 23 کریو ممبرز کو ریسکیو کرلیا گیا۔

اہلخانہ کے مطابق حادثے کے وقت حماد عبیدہ کی ڈیوٹی رات کی شفٹ میں انجن روم میں تھی۔ عملے کے بعض ارکان نے بتایا کہ آگ کے دوران انجن روم میں موجود افراد کے زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے۔

تاہم حماد عبیدہ کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی اطلاع سامنے نہیں آسکی اور یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ حادثے کے بعد زندہ ہیں یا آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاملے پر فارن آفس اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے کرائسس منیجمنٹ سیل سے بھی رابطہ کیا، تاہم دو روز گزرنے کے باوجود حماد عبیدہ کے بارے میں کوئی حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

حماد عبیدہ کے اہلخانہ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتا پاکستانی انجینئر کی تلاش کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور انہیں حادثے کی صورتحال اور اپنے پیارے کے بارے میں جلد از جلد آگاہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button