115ملین کا سیوریج منصوبہ مکمل ہونے سے پہلے ہی بیٹھ گیا!ہولی فیملی ہسپتال میں ناقص تعمیر کا بھانڈا پھوٹ گیا

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے) ہولی فیملی ہسپتال میں 115 ملین روپے کا سیوریج منصوبہ تکمیل سے قبل ہی مسائل کا شکار ہوگیا، سیوریج لائن کے لیے بچھائی گئی کنکریٹ جگہ جگہ بیٹھنے اور زمین دھنسنے سے تعمیراتی کام کے معیار پر سوالات اٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال کے اطراف جاری سیوریج منصوبے میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ سیوریج لائن کے لیے بچھائی گئی کنکریٹ کئی مقامات پر بیٹھ گئی، جبکہ بعض جگہوں پر زمین بھی دھنسنے لگی ہے۔

منصوبے کے ناقص کام کے باعث ہسپتال آنے والے مریضوں اور تیمارداروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تعمیراتی کام میں خرابی کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔

شہریوں اور مریضوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 115 ملین روپے کے منصوبے میں تعمیراتی معیار اور استعمال ہونے والے مٹیریل کی فوری جانچ کرائی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

دوسری جانب ہولی فیملی ہسپتال انتظامیہ نے سیوریج منصوبے میں مسائل کا اعتراف کیا ہے۔ ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر اعجاز کے مطابق سیوریج اسکیم ہسپتال کی جانب سے شروع کی گئی ہے جبکہ اس کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی واسا ہے۔

ڈاکٹر اعجاز کا کہنا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث سیوریج لائن کے اطراف مسائل پیدا ہوئے، جن سے واسا حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ متاثرہ کام کی نشاندہی کے بعد اسے درست کرنے کا عمل جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی ہولی فیملی ہسپتال کے سیوریج منصوبے کا دورہ کرچکے ہیں، جبکہ منصوبے کے کام کی نگرانی جاری ہے اور بارشوں سے پیدا ہونے والے مسائل کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button