آزاد کشمیر میں صدارتی انتخاب 24 ستمبر کو ہوگا، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر میں صدرِ ریاست کے انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی، جس کے لیے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے باضابطہ شیڈول جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس کے دوران صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چیف الیکشن کمشنر و ریٹرننگ افسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو ہی کاغذات جمع کرانے کے فوراً بعد کی جائے گی، جبکہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ وہ صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی، جس کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

انہوں نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر سے درخواست کی کہ صدارتی انتخاب کے انعقاد کے لیے 24 ستمبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button