ٹنڈوباگو:پکڑی جانیوالی گٹکے کی 36 لاکھ روپے مالیت کی کھیپ، 9 لاکھ میں واپس کرنیکا انکشاف،پولیس نے الزام بے بنیاد قرار دیدئیے

ٹنڈوباگو (جانو ڈاٹ پی کے) ٹنڈوباگو کے نواحی علاقے ڈیہی تھانے کی پولیس کی جانب سے ٹنڈوباگو کے مبینہ معروف گٹکہ ڈیلر غلام رسول میمن کو انڈین گٹکہ سفینہ کی بھاری کھیپ سمیت ٹنڈوباگو جھڈو روڈ سے گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اسے ساتھی شہزاد خاصخیلی سمیت جیل روانہ کیے جانے کے بعد ذرائع کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ پولیس کی تحویل میں لی گئی گٹکے کی کھیپ، جس کی مالیت تقریباً 36 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے، مبینہ طور پر 9 لاکھ روپے کی ڈیل کے عوض واپس کردی گئی، تاہم ڈیہی تھانے کے ایس ایچ او ایاز علی بھٹی نے پولیس پر گٹکے کی کھیپ واپس کرنے کے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مذکورہ گٹکہ ڈیلر کی روزانہ گٹکے کی کھیپ آتی ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکہ برآمد کرکے مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ ڈیہی پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے گئے گٹکے کو واپس کرنے یا کسی قسم کی ڈیل کرنے کا الزام من گھڑت اور بے بنیاد ہے، ایس ایچ او ایاز علی بھٹی کا کہنا تھا کہ پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے اور ممنوعہ گٹکے کی فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، دوسری جانب گٹکے کی مبینہ کھیپ واپس کیے جانے کے الزام کے حوالے سے ذرائع کے دعوے اور پولیس کے واضح مؤقف کے باعث معاملہ مزید توجہ طلب ہوگیا ہے، شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر گٹکے کی کھیپ کی مالیت اور پولیس کارروائی سے متعلق سوالات موجود ہیں تو اعلیٰ پولیس حکام معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائیں۔



