چلڈرن ہسپتال میں ہراسگی کا معاملہ سنگین، خاتون ڈاکٹر کی درخواست پر مقدمہ درج

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) چلڈرن ہسپتال لاہور میں خاتون ڈاکٹر کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا معاملہ سامنے آگیا، خاتون ڈاکٹر کی درخواست پر پروفیسر غلام مجتبیٰ ظفر کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق پروفیسر غلام مجتبیٰ ظفر کے خلاف مقدمہ دفعات 354 اور 509 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ خاتون ڈاکٹر نے درخواست میں مبینہ جنسی ہراسانی، دھمکیوں، دباؤ اور کام کی جگہ پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

درخواست گزار خاتون ڈاکٹر کے مطابق مبینہ واقعہ 11 جون 2026 کو پیش آیا، جس کے حوالے سے انہوں نے وائس چانسلر کو بھی شکایت کی تھی۔ خاتون ڈاکٹر کا مؤقف ہے کہ شکایت کے بعد ادارے میں مبینہ ہراسگی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

خاتون ڈاکٹر نے الزام عائد کیا کہ ہراسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے بھی انہیں مبینہ طور پر دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق شکایت کے بعد خاتون ڈاکٹر کو بنیادی تربیت سے ہٹا کر مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں بھی دی گئیں۔

درخواست گزار نے پولیس سے مبینہ جنسی ہراسانی، دھمکیوں، دباؤ اور کردار کشی کے الزامات پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کیے جانے کے بعد معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین تحقیقات اور متعلقہ فورم کے فیصلے کے بعد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button