پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کا معاملہ پھر لٹک گیا،حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے مزید ایک دن مانگ لیا

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئے، دو دور بے نتیجہ رہنے کے بعد حکومت نے تیسرے دور کے لیے بھی مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو ہونے والے مذاکرات اب منگل تک مؤخر کردیئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو منعقد کیے جائیں۔
جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی جبکہ پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے معاملات کے لیے دو الگ کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں۔ پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات منگل جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو ہوگی۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر اسلام آباد میں مذاکرات کے پہلے دو دور ہوچکے ہیں، تاہم دونوں ادوار کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف، پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو درپیش مہنگائی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان آئندہ مذاکرات کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔



