گاڑی میں پستول سے کھیلتے ہوئے اچانک گولی چل گئی، 12 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) گلشن اقبال بلاک 16 میں گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں پستول سے کھیلتے ہوئے اتفاقیہ فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا 12 سالہ بچہ عبدالرّقیب دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق بیت المکرم مسجد کے قریب اپسرا اپارٹمنٹ کے اندر گاڑی میں موجود پستول سے کھیلتے ہوئے اچانک گولی چل گئی، جو گاڑی کے مالک کے بیٹے کے دوست 12 سالہ عبدالرّقیب کو جا لگی۔
فائرنگ کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پستول سے بچوں کے کھیلنے کے دوران پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جبکہ 12 سالہ بچے کی موت پر اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔



