آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کا ارادہ ہے تو ایرانی حدود سے 100 کلومیٹر کے فاصلے تک آ کر دکھائو، پاسداران کا امریکہ کو سخت جواب

تہران (ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی افسر علی محمدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق مؤقف پر سخت ردعمل دیتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی حدود کے قریب آنے کی کوشش کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔

مشہد میں حکومتی حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی محمدی نے کہا کہ اگر امریکا واقعی آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ اپنے کسی بحری جہاز کو ایرانی حدود سے 100 کلومیٹر کے فاصلے تک لا کر دکھائے۔

ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ امریکا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ اس کے جنگی جہاز ایرانی حدود کے قریب آنے کی صورت میں ایرانی فورسز کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ دنوں میں بھی اس حوالے سے ایک مثال سامنے آچکی ہے، تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

علی محمدی نے دعویٰ کیا کہ اس وقت خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں امریکی فوجی موجودگی یا امریکی عسکری سازوسامان تعینات نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی بحری جہاز ممنوعہ یا حساس حدود کے قریب آئے تو اسے ممکنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ کویت اور بحرین سے روانہ ہونے والے بحری جہاز ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی نگرانی میں ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی جہاز کی جانب سے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی پر قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ایرانی عہدیدار کے ان بیانات پر امریکا کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button