پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم ہجرت کر کے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے صرف اور صرف انتظامی یونٹس ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے، اے پی ایم ایس او کے منشور میں صوبے کا ذکر تھا اور اب وہ پورے ملک کی آواز ہے، ایم کیو ایم کا پہلا مطالبہ ہے پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ ہمیں ہمارا صوبہ دے دیں آرٹیکل 140 اے ہم خود نافذ کرلیں گے، ہمیں سندھ اسمبلی میں سندھو دیش کے خلاف قرارداد نہیں لانے دی گئی، آج صوبے کیوں ہونے چاہئیں اس کےلیے لمبی دلیل دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
خالد مقبول کا کہناتھاکہ ہم ہجرت کر کے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے۔



