پاکستان میں پہلی بار یونٹی میراتھن ریس، کرسچن کمیونٹی کے سیکڑوں افراد کی شرکت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں پہلی مرتبہ یونٹی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرسچن کمیونٹی کے سیکڑوں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
نشان پاکستان سی ویو، کلفٹن پر اون ٹو رن پاکستان کے زیر اہتمام کرسچن یوتھ رن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مردوں کے لیے 5 کلومیٹر، خواتین کے لیے 3 کلومیٹر جبکہ 12 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے ایک کلومیٹر کی ریس منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سندھ حکومت کے سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہیسر تھے، جبکہ ایس ایس پی ریٹائرڈ آصف رزاق، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید، سہیل سردار، پاسٹر جاوید نور، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
ریس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مرد اور خواتین ایتھلیٹس میں بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ بچوں کی کیٹیگری میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے بطور انعام دیے گئے۔
منتظمین کے مطابق یونٹی میراتھن کا مقصد کھیلوں کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔



