بدین میں پولیس کا فلیگ مارچ، امن و امان اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار

بدین(مرتضی میمن\جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر ضلع پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا، جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانا اور قانون شکن عناصر کے خلاف پولیس کی بھرپور کارروائیوں کا پیغام دینا تھا۔
فلیگ مارچ کا آغاز ایس ایس پی آفس بدین سے ہوا، جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک، کورٹ روڈ، اللہ والا چوک، حیدرآباد روڈ، قائداعظم روڈ، قاضیہ واہ پل، غریب آباد اور کڈھن روڈ سے ہوتا ہوا ٹنڈوباگو کی جانب روانہ ہوا۔
بعد ازاں فلیگ مارچ کڈھن، نندو، تلہار سمیت ضلع کے دیگر اہم شہروں اور علاقوں سے گزرتا ہوا ایس ایس پی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی بدین شکیل احمد سولنگی، ڈی ایس پی شہید فاضل راہو عبدالرحیم خاصخیلی، ڈی ایس پی ٹنڈوباگو محمود بھوت سمیت ضلع بھر کے ایس ایچ اوز، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ پولیس کی بھاری نفری نے پولیس موبائلز کے ہمراہ فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔
پولیس حکام کے مطابق فلیگ مارچ کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام دیا گیا کہ بدین پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر وقت الرٹ ہے۔
ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری و مفرور ملزمان اور دیگر قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اہم شاہراہوں، بازاروں اور حساس مقامات پر پولیس گشت اور چیکنگ کا عمل بھی جاری رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔



