تھرپارکر: زرعی زمین کے تنازع پر کشیدگی، مسلح افراد کی دھمکیوں اور فصل اجاڑنے کی مبینہ کوشش

کلوئی(جانوڈاٹ پی کے) کیٹی گاؤں مالو میگھواڑ میں زرعی زمین کے تنازع پر میگھواڑ برادری اور لنڈ برادری کے افراد کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ متاثرہ فریق نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالف فریق کی جانب سے مبینہ طور پر زرعی زمین میں مویشی چھوڑنے اور کھڑی کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میگھواڑ برادری کے مطابق بکریوں کو زمین سے باہر نکالنے پر لنڈ فریق سے وابستہ مبینہ مسلح افراد نے بچوں اور خواتین کو اسلحہ دکھا کر دھمکیاں دیں۔ متاثرہ فریق کا دعویٰ ہے کہ مسلح افراد کئی روز سے علاقے میں گشت کر رہے ہیں جبکہ زمین پر موجود خواتین کو بھی مبینہ طور پر ہراساں اور دھمکایا جا رہا ہے۔

متاثرہ خاندانوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود متعلقہ اہلکار مبینہ طور پر میگھواڑ برادری پر ہی دباؤ ڈال رہے ہیں، جس کے باعث علاقے میں پولیس کے کردار پر بھی تحفظات پیدا ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض پولیس اہلکار مبینہ طور پر بااثر فریق کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

میگھواڑ برادری کے مطابق زمین کے مبینہ گھیراؤ اور مسلح افراد کی موجودگی کے باعث کسی بھی وقت دونوں فریقوں کے درمیان تصادم اور خونریزی کا خدشہ ہے۔ متاثرہ فریق نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی جان و مال اور زرعی زمین کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

علاقہ مکینوں نے بھی دونوں فریقوں کے درمیان دوبارہ جھگڑے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ میگھواڑ برادری اور متاثرہ فریق نے ایس ایس پی تھرپارکر سے فوری نوٹس لینے، علاقے میں غیرجانبدار پولیس تعینات کرنے اور مبینہ مسلح افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button