پاکستان کی سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ شہری بھی زخمی ہوئے۔ پاکستان نے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔



