لاہور ہائیکورٹ کا تھانوں میں مصالحتی ویلفیئر خدمت مراکز کے قیام کی درخواست پر اہم حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے تھانوں میں مصالحتی ویلفیئر خدمت مراکز کے قیام کی درخواست نمٹا دی، عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس امجد پرویز نے یاسین ضیاء کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا، درخواست میں ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔
تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب کے تھانوں میں مصالحتی ویلفیئر خدمت مراکز قائم کیے جانے چاہئیں، کیونکہ تھانوں سے رجوع کرنے والے بیشتر سائلین غریب ہوتے ہیں اور ان کے تنازعات مصالحت کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مصالحتی مراکز کے قیام سے غریب سائلین کی مشکلات کم کرنے کے ساتھ انہیں فوری اور آسان انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تھانوں میں ایسے مراکز کے قیام سے متعلق درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا رہا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ مذکورہ ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹائی جاتی ہے۔



